قرآن مجید نظام حیات اور نجات کا ذریعہ ہے‘ علامہ شاہ تراب الحق
قرآن مجید نظام حیات اور نجات کا ذریعہ ہے‘ علامہ شاہ تراب الحق
کراچی (پ ر) جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ تراب الحق قادری نے کہا ہے کہ قرآن حکیم کی شرف و عظمت ہے‘ روزِ قیادت تلاوت اور عمل کرنے والوں کے حق میں رب کریم سے سفارش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن عظیم قبر و حشر‘ قیامت و آخرت میں صرف نجات کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ کامل نظام حیات ہے جو زندگی کے ہر شعبے میں معاونت کرتا ہے اور زمینی، آسمانی، آفات و بلیات‘ فتنہ و فساد‘ حادثات میں ہماری سلامتی و حفاظت کی ضمانت بنتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنت لانڈھی ٹاؤن اور انجمن تاجدار مدینہ کے زیراہتمام مرکزی مدینہ جامع مسجد لانڈھی نمبر 4 میں منعقدہ ”عظمت قرآن کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت صاحبزادہ اسد احمد مجددی نے کی۔ کانفرنس سے جماعت اہلسنت کراچی کے نائب امیر علامہ ابرار احمد رحمانی‘ جماعت اہلسنت سندھ کے ناظم نشر و اشاعت قاضی نورالاسلام شمس‘ مولانا شاہ مظہرالحق قادری‘ علامہ غلام حسین نقشبندی‘ علامہ قاری تاج محمد نعیمی نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس سے مفتی محمد اشتیاق نقشبندی‘ مولانا عباس علی قادری‘ مولانا شاہ مظہرالحق قادری‘ قاری عبدالخالق‘ علامہ حافظ محمد رمضان نقشبندی‘ محمد طفیل‘ محمد شعیب قادری‘ محمد یونس‘ الطاف حسین‘ ندیم احمد‘ عارف محمد موسیٰ‘ الحاج محمداقبال اختری کے علاوہ علماء و مشائخ‘ عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ علامہ سید شاہ تراب الحق قادری نے مزید کہا کہ ہم قرآن کے ساتھ جس بے رخی‘ بے توجہی اور بے عملی کا مظاہرہ کررہے ہیں اس کی سزا ہم کو دنیا میں مسلسل مل رہی ہے‘ ضرورت اس امر کی ہے کہ ادب و احترام کے ساتھ قرآن عظیم کی تلاوت کریں‘ اہل خانہ کو لیکر بیٹھ جائیں اور درس قرآن کا آغاز کریں۔
|